Saturday, 17 January 2015

عامرخان نے ایوارڈز میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتا دی

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ ایوارڈز میں صرف اس لئے نہیں جاتے کہ وہاں ناچ گانے اور مقبولیت حاصل کرنے کے لئے عجیب طرح کی حرکتیں کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں یہ تمام باتیں اچھی نہیں لگتیں اور وہ ایسے ایوارڈز میں شرکت نہیں کرتے۔
کچھ عرصہ قبل اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اب تک انہوں نے صرف دو ایوارڈز میں شرکت کی ہے لیکن میڈیا نے کبھی بھی اس کا ذکر نہیں کیا اور صرف اس بات پر توجہ دیتا ہے کہ میں کسی بھی قسم کے ایوارڈ میں نہیں جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ایوارڈز میں شرکت کے لئے ضروری ہے کہ انتظامیہ آپ کو دل سے عزت دے اور آپ بھی ان کی دل سے قدر کریں۔
انہوں نے کہا کہ وہ دینا ناتھ منگیشکر ایوارڈاورگولا پوری ایوارڈز میں شرکت کرچکے ہیں ۔ جسکی وجہ یہ ہے کہ وہاں کسی بھی طرح کا لچر پن نہیں ہوتا اور شاید یہی وجہ ہے کہ نجی چینلز کو بھی اس میں کوئی خاص دلچسپی نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دینا ناتھ منگیشکر ایوارڈ میں صرف اس لئے گئے کہ ایسے اداروں کی ان کے دل میں بہت عزت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وہاں ہاتھ جوڑ کر سر جھکا کر گئے، ایورڈ لیا اور انہیں بے حد خوشی ہوئی ۔ 
عامر خان کا کہنا تھا کہ دوسرا ایوارڈ جو انہوں نے وصول کیا ہے وہ گولا پوری ایوارڈز ہیں جو چنائی کا ایک ادارہ کرواتا ہے ۔ یہ ایوارڈایک لڑکا کی یاد میں منعقد کروایا جاتا ہے جو اپنی پہلی فلم بنا رہا تھا اور شوٹنگ کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی تھی ۔ اس کی فیملی نے اس کے نام سے یہ ایوارڈ شروع کیا اور ملک بھر سے ایک ڈائریکٹر کو چنا اور اس کو یہ ایوارڈ دیتے ہیں۔ یہ فیملی پوری شام میں صرف ایک ہی ایوارڈ دیتی ہے اور وہ شام اپنے بیٹے کی یاد میں گزارتے ہیں۔عامر خان کا کہنا تھا کہ اس فیملی کا انہیں ایس ایم ایس آیا کہ وہ فلم ”تارے زمین پر“ کے لئے ایوارڈ دینا چاہتے ہیں اور یہ سن کر انہیں بہت خوشی ہوئی اور وہ ایوارڈ لینے کے لئے چلے گئے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ ایسا نہیں جو ٹی وی پر آتا ہے ، ناچ گانا ہوتا ہے اور ٹی آر پیز ہوتے ہیں ۔’اس طرح کا کچھ بھی نہیں ہوتا۔آپ (میڈیا)کو تو پتہ بھی نہیں چلا کہ میں وہاں گیا اور وہ ایوارڈ لے کر آگیا۔‘

No comments:

Post a Comment