Thursday 15 January 2015

ون ڈے رینکنگ میں گرین شرٹس پر مزید تنزلی کا خطرہ منڈلانے لگا

دبئی: ورلڈ کپ سے قبل گرین شرٹس پر مزید تنزلی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے اور ویسٹ انڈیز کی جنوبی افریقہ پر فتح ٹیم کو آٹھویں نمبر پر پہنچا سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس وقت عالمی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان 97 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر موجود ہے، دونوں کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق اور اگر کیریبیئن سائیڈ پروٹیز کیخلاف جمعے سے شروع ہونے والی 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو پھر گرین شرٹس کو آٹھویں نمبر پر جانا پڑے گا۔ پروٹیز رینکنگ میں اس وقت تیسرے نمبر پر 112 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں۔ دوسری جانب چوتھی پوزیشن کی حامل سری لنکن ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ میں ون ڈے سیریز کھیلنے میں مصروف ہے، پہلے مقابلے میں اسے شکست بھی ہوچکی۔ اس سیریز کے بعد کیویز پاکستان سے 2ون ڈے میچز بھی کھیلیں گے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم رینکنگ میں چھٹے نمبر پاکستان سے 2 پوائنٹس آگے ہے۔
ادھر آسٹریلیااور بھارت دونوں کے پوائنٹس 117 تاہم اعشاریائی فرق کی وجہ سے آسٹریلیا پہلے نمبر پر موجود ہے۔ جمعے سے انگلینڈ کی شمولیت سے شروع ہونیوالی ٹرائنگولر سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاپ پوزیشن پر قبضے کیلیے بھی کشمکش جاری رہے گی تاکہ میگا ایونٹ میں وہ زیادہ اعتماد کے ساتھ قدم رکھ پائیں۔ پہلا میچ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا، یہ14 فروری کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر شیڈول انہی دونوں ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے کی فل ڈریس ریہرسل ہے۔ یاد رہے کہ ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، مصباح الحق 14 اور احمد شہزاد 18 نمبر پر موجود ہیں۔ ٹاپ ٹین بولرزمیں شامل دونوں پاکستانی بولرز سعید اجمل (2) اور محمد حفیظ (10) غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے فی الحال پابندی کا شکار ہیں۔ محمد عرفان 16 ویں اور آفریدی 18ویں نمبر پر ہیں۔

No comments:

Post a Comment